اسلام آباد (جیوڈیسک) انتخابی اصلاحات کیس میں سپریم کورٹ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کو طلب کرلیا ہے اور کہا ہے کہ وہ آکر بتائيں کہ تحریک انصاف کے اعتراض کردہ چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کیوں نہ ہو سکی۔
جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے انتخابی اصلاحات کیس کی سماعت کی، سپریم کورٹ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کو طلب کر لیا۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات سے متعلق جامع فیصلہ دیا تھا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ حکومت انتخابی اصلاحات پرعمل نہ کر کہ بھگت رہی ہے اور بھی بھگتے گی، عدالت نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو طلب کرتے ہوئے قرار دیا کہ وہ آ کر بتائيں کہ تحریک انصاف نے جن چار حلقوں پر اعتراض کیا تھا ان میں اب تک انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کیوں نہ ہوسکی۔