اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں گرفتاری روکنے کی درخواست مسترد ہونے پر سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کو گرفتار کر لیا گیا، جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ای او بی آئی کرپشن کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت سابق چیئرمین ظفراقبال گوندل نے عدالت سے درخواست کی کہ ایف آئی اے ہراساں کر رہی ہے۔ تحفظ فراہم کیا جائے۔ ایف آئی اے کو گرفتاری نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔
جسٹس ثاقب نثار نے قرار دیا کہ ایسا کوئی قانون نہیں کہ ملزم ضمانت کرائے بغیر شامل تفتیش نہ ہو۔ ظفر گوندل کو متعلقہ فورم پر درخواست ضمانت دائر کرنی چاہئے۔
ایف آئی اے کو تفتیش سے نہیں روک سکتے۔ عدالت نے ظفراقبال گوندل کی درخواست مسترد کر دی۔۔ جس پر ایف آئی اے نے سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کو گرفتار کر لیا۔ ظفر گوندل کو بیالیس ارب کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔