اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے میمو گیٹ سکینڈل میں امریکا میں تعینات سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ دورانِ سماعت ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عدالتِ عالیہ کو بتایا کہ حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے کی وجہ سے مسئلہ درپیش ہے، یقین دہانی کے باوجود حسین حقانی نے واپس آنے سے انکار کر دیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ریڈ وارنٹ کیلئے یہ شرط ہے تو وارنٹ گرفتاری ہم خود جاری کر دیتے ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر حسین حقانی کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں انٹرپول ہیڈ کوارٹرز کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ حسین حقانی کے وارنٹ حلف نامے کی خلاف ورزی پر جاری کیے گئے ہیں، ان کی گرفتاری اور پاکستان واپسی کیلئے اگلے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔