اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کسی سابق اور موجودہ جج کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سپریم کورٹ بلڈنگ میں اپنے چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عدلیہ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، آج جو حالات پیدا کیے جا رہے ہیں کل اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے ہمارے بھی اختلافات تھے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کسی کی بے توقیری کی جائے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کسی سابق یا موجودہ جج کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
عدلیہ کو بے توقیر کرنے والے کل خود بھی بے توقیر ہوسکتے ہیں۔صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ وکلاء آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔