سپریم کورٹ میں کراچی بد امنی کیس کی سماعت آج ہو گی

 Supreme Court

Supreme Court

کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں کراچی بد امنی کیس کی سماعت آج ہو گی، سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری پر تشدد کا کیس سنا جائے گا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالت عظمی کا بینچ کراچی بد امنی کیس کی سماعت کرے گا۔ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق رپورٹ پیش کرینگے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں عدالت عظمی کا دوسرا بینچ سروس میٹر کیس سنے گا۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ سابق صدر آصف علی زرداری کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنانے سے متعلق کیس میں سابق آئی جی سندھ رانا مقبول کی جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم کے خلاف درخواست کی سماعت کرے گا۔

الیکشن ٹربیونل میں بھی کئی اہم انتخابی عذرداریاں زیر سماعت آئیں گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال اور جسٹس فرح عرفان کے روبرو پنجاب میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات اور حلقہ بندیوں سے متعلق کیس زیر سماعت ہوگا۔ جبکہ جسٹس شیخ نجم الحسن زیادتی کے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کریں گے۔

لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں پر ایکولائزیشن سرچارج کی وصولی کا کیس بھی سنا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ میں آج صبح ساڑھے دس بجے چھ نئے ججوں کی تقریب حلف برداری بھی ہو گی۔