سپریم کورٹ: خورشید شاہ کے بیٹے کو تین دن میں سرنڈر کرنے کا حکم

 Khurshid Shah and Farrukh Shah

Khurshid Shah and Farrukh Shah

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سپریم کورٹ نے پی پی رہنما خورشید شاہ کے بیٹے فرخ شاہ کو تین روز میں عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں خورشید شاہ کے بیٹے فرخ شاہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست واپس لے لی جس کے بعد عدالت نے انہیں تین دن میں احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا۔

دورانِ سماعت فرخ شاہ کے وکیل فاروق نائیک نے سوال اٹھایا کہ نیب نے تحقیقات مکمل کر لی، فرخ شاہ کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت؟ جائیداد رکھنا کوئی جرم نہیں۔

اس موقع پر نیب کے وکیل نے کہا کہ فرخ شاہ نے تحقیقات میں تعاون نہیں کیا، نیب نے اپریل 2020 سے فرخ شاہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیے کہ طلعت اسحاق کیس میں ضمانت کے پیرامیٹرز طے ہو چکے اور عدالت کیس کے پیرامیٹرز سے باہر نہیں جا سکتی، نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کرنا ہے، بتا دیں درخواست ضمانت پر میرٹ پرفیصلہ کردیں یا آپ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں؟

عدالت کے استفسار پر فرخ شاہ کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ میں درخواست ضمانت واپس لے لیتا ہوں۔