اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پی ایس 23 نوشہرو فیروز سے منتخب ن لیگ کے رکن سندھ اسمبلی مسرور احمد خان جتوئی کو ڈی سیٹ کر دیا۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے پی ایس 23 نوشہرو فیروز کے نتائج کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
پیپلز پارٹی کے فیروز جمالی نے جعلی ووٹوں کی بنیاد پر پی ایس 23 کا نتیجہ چیلنج کیا تھا ، عدالت نے پیپلز پارٹی کے فیروز جمالی کی اپیل منظور کر لی، عدالت نے نادرا کی ووٹوں کی تصدیق سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد انتخاب کالعدم قرار دیا۔
الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ مسرور احمد خان جتوئی کو ڈی سیٹ کر کے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔
سپریم کورٹ نے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کو دوہری شہریت کی بنیاد پر نا اہل قرار دینے کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی ، دانیال عزیز کیخلاف درخواست پیپلز پارٹی کے طارق انیس نے دائر کی تھی۔