کوئٹہ (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پولیس، ایف سی اور ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ لاپتا افراد کے حوالے سے کل تک رپورٹ پیش کر دیں۔ کوئٹہ رجسٹری میں لاپتا افراد کے کیس کی سماعت میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار چودھری نے کہا کہ کل تک کی مہلت دیتے ہیں۔ جن لاپتا افراد کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی لے گئی ہے، انہیں کل تک بازیاب کرایا جائے۔ سابق آئی جی پولیس نے رپورٹ دی ہے کہ لاپتا افراد کو ایف سی لے گئی ہے۔
آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد نے عدالت میں بیان دیا کہ انہوں نے ابھی چارج لیا ہے، وہ ہر کیس کو دیکھیں گے، اگر لاپتا افراد ایف سی کے پاس ہوئے تو سب کو لائیں گے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ جنرل صاحب، اگر کوئی آپ کی یونی فارم استعمال کرتا ہے تو یہ معاملہ بھی غور طلب ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ایف سی چاہتی ہے کہ اس کا کوئی افسر ہتھکڑی میں لایا جائے۔ معاملے کو اس نہج پر نہ پہنچایا جائے۔