اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں آج لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہو گی۔ عدالت نے 30 لاپتہ افراد کو آج پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
گذشتہ روز سماعت کے دوران قائم مقام سیکریٹری دفاع نے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کو بتایا تھا کہ 3 افراد کا پتہ چل گیا ہے۔ چیف جسٹس نے باقی تمام لاپتہ افراد کو بھی ایک گھنٹے میں سامنے لانے کا حکم دیا۔
ایک گھنٹے کے الٹی میٹم کے بعد اٹارنی جنرل منیر اے ملک سیکریٹری دفاع اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ پیش ہوئے اور کہا کہ معاملے میں پیش رفت کا یقین دلایا گیا ہے۔ تھوڑا سا وقت دے دیں۔
اس پر چیف جسٹس نے بقایا 30 افراد کو آج پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔