لاہور (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے غیر ملکی 6 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا، ان قیدیوں کا تعلق بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک سے ہے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں دو رکنی نظر ثانی بورڈ نے بند کمرے میں کیس کی سماعت شروع کی تو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 32 ایسے قیدیوں کو پیش کیا جو غیر قانونی طور پر پاکستان کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔
وزارت داخلہ کے حکام نے اس حوالے سے قیدیوں کی تمام تفصیلات نظر ثانی بورڈ کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے 6 قیدی اپنی سزا پوری کر چکے ہیں۔
نظر ثانی بورڈ نے سزا پوری کرنے والے 6 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ سے دیگر قیدیوں کا تحریری ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ رہا کیے جانیوالے قیدیوں کا تعلق بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک سے ہے۔