اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے 6 ہفتوں کی ضمانت میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی جسے جمعہ کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
نوازشریف کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ 26 مارچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کر رکھی ہے، نظر ثانی درخواست پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست منظور ہو جائے گی۔
سپریم کورٹ نواز شریف کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے جس پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی جس کے بعد انہیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔
نواز شریف نے طبی بنیادوں پر سزا کی معطلی اور ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالتِ عظمیٰ نے انہیں طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کی عبوری ضمانت دی تھی جو 7 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔