اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں پناما کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سماعت شروع ہوئی تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے .کہ کوئی بھی چیز بغیر سنے نہیں جانے دی جائے گی ، کیس کے ہر فریق کو سنا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کیس کی سماعت میں کوئی التوا نہیں کیا جائے گا۔ اس سے قبل پناما کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے کیس میں وزیر اعظم کی 4 اپریل کو کی جانے والی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے دلائل دیئے ، ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے جدہ سٹیل مل کا پیسہ بچوں کو کاروبار کرنے کیلئے دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موسم بدل رہا ہے اور ن لیگ کے وکیل بدل چکے ہیں ۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب رت بھی بدلنے والی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت شروع ہوچکی ہے ، ہمیں اللہ تعالیٰ پر پورا یقین ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 20 کروڑ عوام کی خواہش ہے کہ چور اپنے انجام کو پہنچیں ، حکومت اپنا وقار کھو چکی ہے ، اب سپریم کورٹ ہی عوامی امنگوں کی ترجمان ہے ۔شیخ رشید نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سپریم کورٹ سے ہی سیاسی تابوت نکلیں گے۔