اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دیگر ریاستی اداروں کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازمی ہے۔
وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی میں کیے گئے عدالتی فیصلوں پر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہیے، اگر ایوان میں اس معاملے پر بحث نہیں ہو گی تو اس کا حل نہیں نکلے گا۔ کیا ایوان کو قانون سازی کا حق نہیں ہے؟
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کسی ادارے یا عدالت پر تنقید نہیں کی بلکہ حقائق سامنے رکھے، دیگر ریاستی اداروں کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازمی ہے۔ ہم سب نے آئین کے دفاع کا حلف لیا ہے لیکن اداروں کے درمیان کشمکش کا نقصان ہمیشہ صرف ملک کو ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں عوام کے منتخب نمائندوں کو مافیا اور ڈاکو کہا جاتا ہے تو کبھی جو قانون پاس کیا کبھی اسے بھی ختم کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ کی طرح پارلیمنٹ کے فیصلوں کو بھی تسلیم کیا جائے۔