سورة الرحمن مدنی 55

Surah Rehman

Surah Rehman

تحریر : شاہ بانو میر
اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے نہایت مہربان (خدا) نے اِس قرآن کی تعلیم دی ہے٬ اُسی نے انسان کو پیدا کیا٬ اور اِسے بولنا سکھایا٬ سورج اور چاند ایک حساب کے پابند ہیں اور تارے اور درخت سب سجدہ ریز ہیں آسمان کو اُس نے قائم کیا اور میزان قائم کر دی٬ اسکا تقاضہ یہ ہے کہ تم میزان میں خلل نہ ڈالو انصاف کے ساتھ ٹھیک ٹھیک تولو٬ اِور ترازو میں ڈنڈی نہ مارو٬ زمین کو اُس نے ساری مخلوقات کے لیے بنایا ٬ اس میں ہر طرح کے بکثرت لذیذ پھل ہیں٬ کھجور کے درخت ہیں٬ جِن کے پھل غُلاف میں لپٹے ہوئے ہیں طرح طرح کے غلے ہیں٬ جِن میں بھوسا بھی ہوتا ہے٬ اور دانہ بھی٬ پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کی کن کن سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے؟ انسان کو اس نے ٹھیکری جیسے سوکھے سڑے گارے سے بنایا ٬ اور جِن کو آگ کی لپٹ سے پیدا کیا

پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کے کن کن عجائبِ قدرت کو جھٹلاؤ گے؟ دونوں مشرق اور دونوں مغرب سب کا مالک و پروردگار وہی ہے٬ پس اے جِن و انس تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو جھٹلاؤ گے؟ دو سمندروں کو اس نے چھوڑ دیا کہ باہم مل جائیں ٬ پھر بھی اُن کے درمیان ایک پردہ حائل ہے٬ جس سے وہ تجاوز نہیں کرتے٬ پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کی قدرت کے کن کن کرشموں کو جھٹلاؤ گے؟ ان سمندروں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں٬ پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کی قدرت کے کن کن کمالات کو جھٹلاؤ گے؟ اور یہ جہاز اسی کے ہیں٬ جو سمندر میں پہاڑوں کی طرح اونچے اٹھے ہوئے ہیں٬ پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کے کن کن احسانات کو جھٹلاؤ گے؟ ہر چیز جو اس زمین پر ہے فنا ہوجانےوالی ہے٬

صرف تیرے رب کی جلیل و کریم ذات ہی باقی رہنے والی ہے٬ پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کے کن کن کمالات کو جھٹلاؤ گے؟ زمین اور آسمانوں میں جو بھی ہیں سب اپنی حاجتیں اُسی سے مانگ رہے ہیں٬ ہر آن وہ نئی شان میں ہ٬ پس ! اے جِن و انس تم اپنے رب کی قدرت کی کن کن صفات حمیدہ کو جھٹلاؤ گے؟ اے زمین کے بوجھو!! عنقریب ہم تم سے بازپرس کرنے کے لیے فارغ ہوئے جاتے ہیں٬ (پھر دیکھ لیں گے) کہ تم اپنے رب کے کن کن احسانات کو جھٹلاتے ہو٬

ALLAH

ALLAH

اے گروہ جنِ و انس اگر تم زمین کی سرحدوں سے نِکل کر بھاگ سکتے ہو٬ تو بھاگ کر دیکھو٬ نہیں بھاگ سکتے بڑا زور چاہیے اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو تم جھٹلاؤ گے٬ ؟ ( بھاگنے کی کوشش کرو گے تو ) تم پر آگ کا شعلہ اور دھواں چھوڑ دیا جائے گا٬ جس کا تم مقابلہ نہ کر سکو گے٬ اے جِن و انس تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کا انکار کرو گے٬؟ پھر !! ( کیا بنتے گی اُس وقت ) جب آسمان پھٹے گا٬ اور لال چمڑے کی طرح سرخ ہو جائے گا٬، ؟ اے جِن و انس!! ( اس وقت) تم اپنے رّب کی کن کن قدرتوں کو جھٹلاؤ گے؟ اس دن کسی انسان اور کسی جِن سے اُس کا گناہ پوچھنے کی ضرورت نہ ہوگی٬ پھر ( دیکھ لیا جائے گا کہ) تم دونوں گِروہ اپنے رب کے کن کن احسانات کا انکار کرتے ہو٬ مجرم وہاں اپنے چہروں سے پہچان لیے جائیں گے٬ اور انھیں پیشانی کے بال اور پاؤں پکڑ کر گھسیٹا جائے گا

(اس وقت ) تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو جھٹلاؤ گے؟ ( اس وقت کہا جائے گا) یہ وہی جہنم ہے٬ جِس کو مجرمین جھوٹ قرار دیا کرتے تھے٬ اسی جہنم اور کھولتے ہوئے پانی کے درمیان وہ گردش کرتے رہیں گے٬ پھر اپنے رب کی کن کن قدرتوں کوتم جھٹلاؤ گے؟ ور ہر اس شخص کے لیے جو اپنے رب کے حضور پیش ہونے کا خوف رکھتا ہو٬ دو باغ ہیں٬ اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟ ہری بھری ڈالیوں سے بھرپور اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے

جنتی لوگ ایسے فرشوں پر تکیے لگا کر بیٹھے ہوں گے جِن کے استر دبیز ریشم کے ہوں گے٬ اور باغوں کی ڈالیاں پھلوں سے جھکی پڑ رہی ہوں گی٬ اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے ان نعمتوں کے درمیان شرمیلی نگاہوں والیاں ہوں گی جنہیں اِن جنتیوں سے پہلےکبھی کسی جِن یا انسان نے نہ چھواہوگا٬ اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟ ایسی خوبصورت جیسے ہیرے اور موتی٬ اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے

Holy Quran

Holy Quran

نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے پھر اے جِن و انس اپنے رب کے کن کن اوصاف حمیدہ کا تم انکار کرو گے؟ اور ان دو باغوں لے علاوہ دو باغ اور ہوں گے اپنے رب کے کن کن انعامات کو جھٹلاؤ گے؟ گھنے سرسبز و شاداب باغ اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟ دونوں باغوں میں دو چشمے فواروں کی طرح ابلتے ہوئے اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم کھٹلاؤ گۓ،؟ ان میں بکثرت پھل اور کھجوریں٬ اور انار اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے

ان نعمتوں کے درمیان خوب سیرت اور خوبصورت بیویاں اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے خیموں میں ٹھہرائی ہوئی حوریں٬ اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟ ان جنتیوں سے پہلے کبھی کسی انسان یا جِن نے ان کو نہ چھوا ہوگا

اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟ وہ جنتی سبز قالینوں اور نفیس و نادر فرشوں پر تکیے لگا کر بیٹھیں گے٬ اپنے رب کے کِن کِن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟ بڑی برکت والا ہے تیرے رب جلیل و کریم کا نام (ترجمان القرآن )

Shahbano Mir

Shahbano Mir

تحریر : شاہ بانو میر