کراچی (اسٹاف رپورٹر) تنظیم فلاح و بہبود کی چیئر پرسن بیگم شمیم اختر نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے بنیادی اصول سے ہم پیچھے ہٹ چکے ہیں ایمان ،اتحاد اور تنظیم سے دوری ہی ملک کو درپیش بحران کا پیش خیمہ ہے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں اپنا خود احتساب کرنا ہوگا کہ پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا ہم نے اپنے ملک خداد کو کیا دیا۔
اگر ہم اس کا موازنہ خود کرلیں تو ملک سے دہشت گردی لاقانونیت اوربھوک و افلاس کا خاتمہ ہوجائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم فلاح و بہبود خلد آباد قائد آباد کے زیر اہتمام یوم قرار داد پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے جنرل سیکریٹری مختار احمد ،فنانس سیکریٹری صوبیہ علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
بیگم شمیم اختر نے اپنی خطاب میں مزید کہاکہ ملک کی ترقی ،استحکام اور عوامی خوشحالی کے لئے وسائل اور اختیارات کا منصفانہ تقسیم یقینی بنا یا جائے عوام کو اختیار دیا جائے اور علاقائی سطح پر بلدیات ،پولیس اور دیگر اداروںمیں علاقائی سطح کے لوگوں کو نمائندگی دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم فلاح و بہبود کی فنانس سیکریٹری صوبیہ علی نے کہاکہ قرار داد پاکستان کے بنیادی مقاصد پر عمل کرکے ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹا جاسکتاہے انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے فلاحی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔
دہشت گردی، لاقانونیت کے ساتھ کرپشن کی عفریت سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے اس موقع پر جنرل سیکریٹری مختار احمد نے کہاکہ اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی عوامی خود مختاری اور فلاحی ریاست کا قیام پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔