ملزمان سے حاصل معلومات سامنے رکھ کر سیکیورٹی پلان بنایا جائے، قائم مقام آئی جی سندھ

Ghulam Haider Jamali

Ghulam Haider Jamali

کراچی (جیوڈیسک) قائم مقام آئی جی پولیس سندھ غلام حیدر جمالی نے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ دہشت گردی کے واقعات اور سنگین جرائم میں گرفتار ملزمان سے کی جانے والی تفتیش کو سامنے رکھتے ہوئے عید الفطرکے لیے سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے۔

جس میں مضبوط و مربوط خفیہ نیٹ ورک، انٹیلی جنس رپورٹس ، وفاقی و صوبائی انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے معلومات کے تبادلے کو خاص اہمیت دی جائے۔

مساجد ، امام بارگاہوں ، عید گاہوں ، شاپنگ سینٹرز ، مارکیٹوں اور پبلک تفریحی مقامات پر پولیس فورس کی باقاعدہ سیکیورٹی بریفنگ کے تحت تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس چیکنگ، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کو ناصرف موثر بنایا جائے بلکہ گشت کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ مشکوک عناصر اور مشتبہ گاڑیوں پر کڑی نگاہ رکھی جا سکے۔

موثروائر لیس نظام ، واکی ٹاکی سیٹس کی فراہمی، مرکزی کنٹرول روم سے صوبے کے دیگر وائرلیس بیس سے مستقل رابطوں ، مارکیٹوں میں پولیس رپورٹنگ سینٹرز کے قیام اور اضافی نفری کے علاوہ سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی جیسے ضروری امور بھی ہنگامی پلان میں شامل کیے جائیں۔