اے وی سی سی کی کارروائی میں مغوی بازیاب

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) اے وی سی سی نے سی پی ایل سی کے تعاون سے لانڈھی سے اغوا کیے جانے والے مغوی کو بازیاب کر ا کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کے بعد کورنگی کے علاقے سے ایک ملزم محمد رضوان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر کورنگی کے ایک مکان میں موجود مغوی محمد حماد کو بازیاب کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ مغوی کو 28 اکتوبر کی شب لانڈھی کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا جس کی رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا۔ پولیس نے مغوی کے اہلخانہ کو ملزمان سے معاملات طے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کردیا اور ہفتے کو ملزمان نے رقم کی وصولی کے لیے کورنگی بلوایا جہاں پر پہلے سے موجود پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ واردات میں ایک لڑکی اور ایک لڑکا بھی شامل تھے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔