اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ سے جاری بیان میں وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی ویڈیوز کی تشہیر غیرقانونی اور غیراخلاقی امر ہے کیونکہ مقدمات کا فیصلہ میڈیا ٹرائل کے ذریعے نہیں بلکہ عدالتوں میں ہونا ہے۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسی غیرضروری تشہیر مقدمات کو مضبوط کرنے کی بجائے کمزور کرتی ہے۔
چودھری نثار نے کہا کہ سندھ حکومت کو خط لکھ کر کہا جا رہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیق کرے کہ آخر اس قسم کے واقعات کے پیچھے کون سے تفتیشی ادارے کا ہاتھ ہے۔ ساتھ ہی ساتھ پیمرا سے بھی کہا جائے گا کہ ایسے واقعات کے سدباب کیلئے ایک ضابطہ اور طریقہ کار طے کیا جائے۔