وشاکھا پٹنم (جیوڈیسک) ویسٹ انڈین اسپنرسنیل نارائن مشکوک بولنگ ایکشن کے باعث ایک بار پھر گرفت میں آگئے ہیں۔
ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک رپورٹ ہوگیا، 2 روز قبل وشاکھا پٹنم میں حیدرآباد سن رائزرز کیخلاف میچ میں امپائرز نے اسے ایک مرتبہ پھر مقررہ حدود سے زائد پایا اور میچ ریفری کو رپورٹ کردی، آئی پی ایل اعلامیے کے مطابق سنیل آئی پی ایل کے آنے والے میچز میں بدستور حصہ لے پائیں گے۔
مگر متنازع ڈیلیوریز کے بائیومکینکل جائزے کیلیے آئی سی سی اور بی سی سی آئی کی مجاز لیبارٹریز میں جانچ کراسکتے ہیں، اس میں چنئی میں قائم سری راما چندرا آرتھو اسکوپی اینڈ اسپورٹس سائنس سینٹر بھی شامل ہے، واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اسپنرز کیخلاف ہونے والے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں پاکستانی اسپنرز سعید اجمل اور محمد حفیظ بھی گرفت میں آئے تھے، سعید اجمل اسی وجہ سے ورلڈ کپ میں پاکستان کو دستیاب نہیں رہے، اب وہ کلیئر ہو کر بنگلہ دیش سے سیریز کھیل رہے ہیں،محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن بھی حال ہی میں کلیئر ہوا ہے۔
انھوں نے بھی چنئی میں ٹیسٹ کرایا تھا، سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن اکتوبر2014میں پہلی بار مشکوک رپورٹ ہوا، اس وقت وہ جنوبی افریقی ٹیم ڈولفنز کیخلاف چیمپئنز لیگ ٹی 20میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کررہے تھے، اگرچہ اس کے بعد انھیں ہوبارٹ ہوریکنز کیخلاف سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن بولنگ ایکشن مشتبہ ہی رہا،آن فیلڈ امپائرز کے دوبارہ رپورٹ کرنے پر انھیں فائنل میں کولکتہ نے باہر بٹھا دیا، اس کے بعد انھوں نے بھارت کے دورے پر آنے والی ویسٹ انڈین ٹیم میں بھی شامل ہونے سے گریز کیا تھا۔