ستلج، راوی اور چناب میں سیلابی صورتحال برقرار، دیہات خالی کرنیکا حکم

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) ستلج، راوی اور چناب میں سیلابی صورتحال برقرارہے، سیلاب سے سیکڑوں دیہات زیر آب ہیں جس کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سیلاب سے سندھ میں کچے کے علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے ایک لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کے بعد قصور کے قریب دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

دریائے راوی میں نچلے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ساہیوال میں نقل مکانی شروع ہو گئی جبکہ کامونکی کے قریب گزرنے والے نالہ کھوت کا پانی شہر میں داخل ہو گیا۔ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر قصور کی ضلعی انتظامیہ نے دریائے ستلج کے قریبی دیہات خالی کرنے کی وارننگ جاری کر دی۔

ڈی سی او قصور سید جاوید بخاری کے مطابق بھارت نے ہری کے ہیڈ ورکس سے ایک لاکھ ایک ہزار 900 کیوسک پانی چھوڑا۔ یہ ریلا کل قصورکے علاقے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پہنچے گا۔جس سے ارد گرد آبادیاں اور ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

ادھر دریائے راوی میں پانی کا بہاو 66 ہزار سے بڑھ کر 73 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ دریا کے کٹاو کا عمل بھی تیز ہو گیا، پانی کناروں سے باہر آنے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔نالہ کھوت کا پانی کامونکی کے 500 سے زائد گھروں میں داخل ہو گیا، شہر کی گلیاں، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جبکہ پانی کا ایک بڑا ریلا شہر کی جانب بڑھ رہا ہے۔