لاہور (جیوڈیسک) سوزوکی نے اپنی نئی 150 سی سی موٹرسائیکل بھارت میں فروخت کے لیے پیش کردی ہے ۔ سوزوکی کی یہ 1500 کروزور موٹرسائیکلIntruder بھارت میں 98 ہزار بھارتی روپے (ایک لاکھ 57 ہزار پاکستانی روپے) سے زائد میں فروخت کی جائے گی۔
اس سنگل سلنڈر موٹرسائیکل میں 155 سی سی انجن دیا گیا ہے جو کہ چودہ ہارس پاور کا حامل ہے جس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے ائیرباکس بھی دیا گیا ہے ۔ اس کا وزن 156 کلو گرام ہے اور کمپنی کے مطابق یہ موٹرسائیکل فی لیٹر 44 کلومیٹر کی اوسط رکھتی ہے۔
اس کے پچھلے پہیے میں تین سپلٹ سپوک موجود ہیں جبکہ ڈسک بریکس آگے اور پچھلے دونوں پہیوں کے لیے دی گئی ہے جبکہ اگلے پہیئے کے لیے اے بی ایس بریک بھی موجود ہے ۔ کمپنی کے مطابق موٹرسائیکل کے ڈیزائن میں مسافروں کے آرام کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔ کمپنی کے مطابق یہ موٹر سائیکل اپنے ڈیزائن کے باعث دیگر سے کافی مختلف نظر آتی ہے اور اس میں اے بی ایس جیسے مستقبل کے فیچرز بھی دیئے گئے ہیں۔
یہ موٹر سائیکل دو رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے ۔ کمپنی کے مطابق اگلے سال کسی وقت اسے دیگر ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جن میں ممکنہ طور پر پاکستان بھی شامل ہے ، تاہم ابھی اس کی تصدیق نہیں کی گئی ۔