سوات (جیوڈیسک) سوات میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد200 سے بھی تجاوز کر گئی۔ صوبائی حکومت نے تاحال انتظامیہ اور محکمہ صحت کو فنڈریلیز نہیں کیا ، جس کی وجہ سے ڈینگی مچھر کے خاتمے اور روک تھام میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
محکمہ صحت سوات کے ترجمان ڈاکٹر حیدر علی کے مطابق سوات میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین بچوں سمیت مزید 4 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جن میں ایک بچی کا تعلق شانگلہ کے علاقے شاہ پور سے ہے ،ترجمان کے مطابق متاثرہ مریضوں میں پچیس سال کا ارشادعلی ، تیرہ سال کی سپنار، چار سال کا دلدار اور گیارہ سال کا اکرام شامل ہیں۔
جنہیں سیدوشریف اسپتال کے خصوصی ڈینگی وارڈ میں داخل کر ادیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں اب تک 202 مریض ڈینگی وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ابھی تک کسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی ہے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسپتال میں مزیدایک مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھر کو رخصت کر دیا گیا ہے اور اب تک 185 مریضوں کا ضلع کے اسپتالوں میں کامیاب علاج ہو چکا ہے۔