سوات : مینگورہ بریگیڈ کمانڈر بریگیڈئیر حثیم عبداللہ نے کہا ہے کہ سوات میں امن یہاں کے لوگوں کی قربانیوں کی بدولت قائم ہوا ہے اور پاک فوج یہاں پر امن برقرار رکھنے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے جس میں عوام کا تعاون حاصل ہے۔ یہ بات انہوں نے مینگورہ میں سوات کے سینئر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ سوات کو سیاحوں کیلئے جنت بنادیا ہے اور اس سال ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاحوں کی شرکت نے پوری دنیا کو سوات میں مثالی امن کا پیغام دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال میلے میں اس سے بھی بڑی تعداد میں سیاح آئیں گے جس سے سوات میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوات میں آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کر رہے ہیں اور عیدالضحی پر بھی سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے جسکا مقصد یہاں کے عوام اور آنے والے سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ شدت پسند دوبارہ سوات آنے کا سوچ بھی نہیں سکتے انکی کمر توڑ دی گئی ہے مالاکنڈ ڈویژن کی ترقی کیلئے بھی جامع پلان زیر غور ہے اور یہاں پر جرائم کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے امن کے قیام میں صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کے دوران میڈیا کا کردار اہم رہا ہے اور یہاں پر امن قائم کرنا میڈیا کے بغیر ممکن نہ تھا۔