سوات (جیوڈیسک) باڑا بانڈی میں ویلیج کمیٹی کے چئیرمیں محمد خان اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکارکو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے باڑا بانڈی میں ویلیج کمیٹی کے چئیرمین اور علاقے کی معروف شخصیت محمد خان اور ان کے محافظ پولیس اہلکار کو آج نا معلوم اسلحہ برداروں نے فائرنگ سے شدید زخمی کردیا تھا،جنہیں فوری طبی امداد دینے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا،جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ہسپتال انتظامیہ نے چئیرمین ویلیج کمیٹی اوراُن کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے،ضروری کاروائی کی انجام دہی کے بعد میت اہلِ خانہ کے حوالے کردی، جب کہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے علاقہ کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا،جاری آپریشن کے نتیجے میں تاحال کسی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
مقتول چئیرمین ویلیج کمیٹی محمد خان کے اہلِ خانہ کے مطابق وہ علاقہ کی معروف شخصیت تھے،اُن کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی،تاہم گذشتہ کئی ماہ سے انہیں شدت پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا تھا۔