سویڈن (اصل میڈیا ڈیسک) گذشتہ روز سویڈن کی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض پہنچیں جہاں انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں دوست ملکوں کے وزرا خارجہ نے اس ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور مشترکہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرا خارجہ نے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں نمایاں پیشرفت اور تبادلہ خیال کے علاوہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق یمن میں بحران کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں سویڈش وزیر خارجہ نے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سے بھی ان کے دفتر میں ملاات کی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ مفاد ات کے فروغ کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
سویڈش وزیرخارجہ نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے یمن میں دیرپا امن کے قیام اورتنازع کے سیاسی حل کے لیے سعودی عرب کی کاوشوں کو سراہا۔