ڈینگی کے خلاف 5 کروڑ روپے دیے جائیں، بلدیہ عظمیٰ

Dengue

Dengue

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر سے ڈینگی کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو زیادہ موثر بنانے کے لیے سندھ حکومت کے محکمہ صحت سے عملی تعاون طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو محدود وسائل میں ڈینگی کے خلاف مہم کو جاری رکھنے میں مشکلات ہیں لہٰذا محکمہ صحت اس مہم کو جاری رکھنے کے لیےادویات فراہم کرے، محکمہ صحت، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز مشترکہ کوشش کریں تو شہر میں ڈینگی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی کی زیر صدارت پیر کو کے ایم سی کی عمارت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل سیکریٹری صحت، میٹروپولیٹن کمشنر سجاد عباسی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز شریک تھے۔ بلدیہ عظمیٰ کی سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے بتایا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے بلدیہ عظمیٰ کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔

اب تک 75 بڑے نالوں، 250 بڑے پارکس، 38 قبرستانوں، 27 سوئمنگ پولز یا واٹر پارکس، 65 ٹائرپنکچرشاپس اور 71 نرسریوں کو فوکس کیا گیا جس پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔رؤف فاروقی نے کہا کہ کے ایم سی اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدگی سے عمل کررہی ہے۔ سجاد حسین عباسی نے کہا کہ ڈینگی اور نیگلیریا کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔