واشنگٹن (جیوڈیسک) ایچ ایس بی سی سوئس بینک میں امریکیوں کی جانب سے 120ارب ڈالر کا کالا دھن چھپانے کا راز افشا ہونے کے بعد امریکی عوام نے بھی اپنی سرکار پر ٹیکس چوروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے دبائو بڑھانا شروع کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک کمپیوٹر ایکسپرٹ کی جانب سے ایچ ایس بی سی کے ڈیٹا کی چوری سے یہ پتہ چلا کہ کیسے یچ ای بی سی اپنے کلائنٹس کو ٹیکس چوری سے بچنے کے گر سکھاتا ہے ۔اس بینک کے 30ہزار اکائونٹس میں موجود 120ارب ڈالر میں سے 2900کھاتے دار امریکی ہیں جنہو ں نے اپنا کالا دھن ایچ ایس بی سی کے لاکرز میں چھپایا ہوا ہے۔
ایچ ایس بی سی کے اس راز کا پردہ فاش ہوجانے کے بعد اب امریکی حکومت پر ان بینکوں کے خلاف اقدامات لینے کیلئے دبائو بڑھتا جا رہاہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سوئس بینکوں کی تجوریوں میں دنیا بھر کے بلیک منی کمانے والوں نے تقریباً35ہزار ارب ڈالر کا خطیر خزانہ چھپا رکھا ہے۔