اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے موجودہ حکومت سوئس بینکوں سے غیرقانونی اثاثے واپس لانے کے قانون سے فائدہ اٹھانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے خزانہ رانا افضل کہتے ہیں سوئس بینکوں میں سات ہزار ارب ڈالر جمع ہیں جس میں سے دو سو ارب ڈالر پاکستانیوں کے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اپنے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا موجودہ حکومت سوئس بینکوں سے غیرقانونی اثاثے واپس لانے کے قانون سے فائدہ اٹھانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے اس حوالے سے جولائی میں سوئس حکومت کے ساتھ بات چیت طے ہے۔ بات چیت میں معاہدے کی تجدید کی کوشش کریں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے تحریری جواب میں یہ بھی بتایا کہ سابق حکومت نے ایسی رقوم واپس لانے کے لیے قانون کو کمزور کیا تاہم بہت جلد ہم ایک موثر قانون لائیں گے۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے خزانہ رانا افضل نے ایوان کو بتایا کہ سوئس بینکوں میں 7 ہزار ارب ڈالر جمع ہیں جس میں سے 200 ارب ڈالر پاکستانیوں کے ہیں۔ ان کا کہنا ہے دنیا بھر کے بینکوں میں غیر ملکیوں کے 30 ٹریلین ڈالر جمع ہیں۔