سوئس بینکوں میں غیر قانونی بھارتی دولت کی فہرست کی بھی تیاری

Money

Money

نئی دہلی (جیوڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے ایک سینیئر اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مختلف سوئس بینکوں میں جمع رقوم کے اصل مالکوں کی شناخت کے لیے جاری مہم میں بعض بھارتی شہری اور ادارے جانچ کے مرکز میں ہیں۔

اہلکار نے کہا کہ اس طرح کے لوگوں اور اداروں کی فہرست کو بھارت کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ اہلکار نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ان سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی اور اس سلسلے میں ضروری انتظامی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔

بھارت میں کالے دھن پر کنٹرول کرنے کے لیے تشکیل دی جانے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی کے سربراہ جسٹس ایم بی شاہ نے کہا کہ اس فہرست کی جانچ کی جائے گی اور غیر قانونی دولت جمع کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سوئٹزرلینڈ کے مرکزی بینک ایس این بی نے اعداد و شمار جاری کیے تھے۔

ان اعداد و شمار کے مطابق 2013 کے دوران سوئس بینکوں میں جمع بھارتی رقوم میں 43 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور کل جمع رقوم 140 ارب روپے تھی۔ انھوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے تمام 283 بینکوں میں کل غیر ملکی دولت محض 16 کھرب ڈالر ہے۔

بھارت ان 36 ممالک میں شامل ہے جن کے ساتھ سوئٹزرلینڈ نے بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹیکس معاملات میں انتظامی تعاون فراہم کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔