جنیوا (جیوڈیسک) سوئس باشندوں نے بھاری اکثریت سے ملک میں کم سے کم اجرت مختص کرنے کی تجویز اور حکومت کی طرف سے 22 لڑاکا طیاروں کی خرید کے منصوبے کو رد کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بارے میں ہونے والے ریفرنڈم میں کم سے کم اجرت قریب 18 یورو طے کرنے کی مخالفت 76.3 فیصد نے کی۔ سوئٹزرلینڈ کی لیبر یونین نے کم سے کم اجرت قریب 18 یورو طے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
دنیا کے کسی دوسرے ملک میں کم سے کم اجرت اتنی زیادہ نہیں ہے۔ يہ پيشکش سوئٹزرلينڈ کی يونين ’ايس جی بی‘ کی جانب سے متعارف کرائی گئی تھی جسے سوشلسٹ اور ماحول دوست گرين پارٹيوں کی حمايت حاصل تھی۔
اس نئی مجوزہ فی گھنٹہ اجرت کے سبب مستقل بنيادوں پر اور فُل ٹائم ملازمت کرنے والے لوگوں کی کم سے کم ماہانہ آمدنی قريب چار ہزار فرانک تک پہنچ سکتی تھی جو ساڑھے چار ہزار ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ عوام کی جانب سے اس مجوزہ اقدام کی واضح مخالفت پر اس امير يورپی ملک کے کاروباری حلقے نے سکون کا سانس ليا۔ ان کا موقف ہے کہ اس اقدام سے کاروباری معاملات ميں مقابلہ بازی کی فضا اور دفاتر وغيرہ کا ماحول منفی انداز سے متاثر ہو سکتا تھا۔