اسلام آباد (جیوڈیسک) این آراو کیس میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت پاکستان کی جانب سے سوئس حکومت کولکھے گئے خط کا جواب سوئس حکام نے دے دیا ہے۔ سوئس حکام کا جواب وزارت قانون کو سر بمہر لفافے میں موصول ہو گیا۔ ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون زاہد حامد آج اس لفافے کو کھولیں گے۔
جس کے بعد واضح ہو جائے گا کہ صدر آصف زرداری اور دیگر افراد کے خلاف کرپشن کے مقدمات دوبارہ کھولے جا سکتے ہیں یا پھر مقررہ وقت گزر جانے کے بعد ان مقدمات کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ ذریعے کے مطابق نگراں حکومت نے سوئزر لینڈ میں قائم اپنے سفارتی مشن سے کہا تھا کہ وہ 2008 میں سوئس عدالتوں میں مقدمات ختم کرنے کیلیے اٹارنی جنرل کی جانب سے لکھے گئے خط کے حوالے سے سوئس حکومت کا موقف معلوم کرے۔