سوئٹزر لینڈ کے خلاف میچ پنلٹی پرلے جانا نہیں چاہتے تھے : میسی

Massey

Massey

ساو پاولو (جیوڈیسک) میسی کو سوئس کھلاڑیوں نے مسلسل مارک کیے رکھا لیکن فیصلہ کن گول میں ان کا کردار کلیدی رہا۔

ارجنٹائن نے منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں اضافی وقت میں میسی کے شاندار پاس پر ڈی ماریا کے گول کی بدولت فتح حاصل کی تھی۔ 27 سالہ میسی کا کہنا ہے کہ جب میچ اختتامی لمحات کی جانب بڑھ رہا تھا تو میں بہت پریشان تھا کیونکہ ہم گول نہیں کر پا رہے تھے اور ایک بھی غلطی ہمیں ٹورنامنٹ سے باہر کر سکتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ وقت گزرتا جا رہا تھا اور ہم نہیں چاہتے تھے کہ میچ کا فیصلہ پنلٹیز پر ہو۔

پری کوارٹر فائنل میچ میں اگرچہ زیادہ دیرگیند پر کنٹرول دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والے ارجنٹائن کی ٹیم کا ہی رہا لیکن وہ مقررہ وقت میں گول کرنے میں ناکام رہی تھی۔ میسی کے خدشات کے باوجود پورے میچ کے دوران ناقص کھیل کی وجہ سے مبصرین اور ماہرین کی تنقید کا نشانہ بننے اور آخر میں ارجنٹائن کے لیے فتح گر ثابت ہونے والے ڈی ماریا کے خیال میں ان کی ٹیم اس فتح کی حقدار تھی۔

انھوں نے کہا کہ یہ صرف میرا کمال نہیں۔ تمام کھلاڑی اور تکنیکی عملہ ہیرو ہیں۔ ہم نے پوری جان لگا دی تھی۔ خیال رہے کہ سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں ارجنٹائن نے 120 منٹ کے کھیل میں سوئس گول پر 29 حملے کیے جبکہ سوئس کھلاڑی 50 ویں منٹ کے بعد سے آخری لمحات کے دوران کوئی اچھی موو نہ بنا سکے۔