سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں دو نامعلوم مسلح افراد نے ایک کیفے میں کم از کم 13افراد کو یر غمال بنا لیا۔ عربی عبارت میں لکھا سیاہ رنگ کا جھنڈا بھی لہرا دیا گیا۔
پولیس کمانڈوز نے پوزیشنز سنبھال لیں جبکہ مشہور “اوپرا ہائوس” کو مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد خالی کرا لیا گیا ہے، صورت حال کے پیش نظر وزیر اعظم نے نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
سڈنی شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ایک کیفے میں نامعلوم افراد نے ایک کیفے میں موجود افراد کو یرغمال بنالیا ہے جبکہ کیفے کی کھڑکی سے سیاہ رنگ کا جھنڈا بھی لہرا دیا ہے جس پر عربی عبارت لکھی ہوئی ہے، پولیس نے فوری طور پر کیفے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ قریبی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کیفے میں یرغمال بنائے گئے افراد کی تعداد 10 سے زائد ہے جبکہ مسلح افراد کی تعداد 2 بتائی جاتی ہے، اس سے قبل سڈنی ہی سے دہشت گردی کے الزامات کے تحت ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ آسٹریلیا کے مشہور “اوپرا ہائوس” کو ایک مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد فوری طور پر خالی کرالیا گیا ہے۔
آسڑیلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے صورت حال کے پیش نظر ہنگامی طور پر نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق یہ ایک انتہائی تشویش ناک معاملہ ہے اور ہم تمام شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح سے تربیت یافتہ ہیں۔