سید علی گیلانی چوتھی مرتبہ چیئرمین حریت کانفرنس منتخب

Syed Ali Geelani

Syed Ali Geelani

سرینگر (جیوڈیسک) بزرگ حریت راہنماسید علی گیلانی حریت کانفرنس (گ) کے چوتھی مرتبہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ ذرائع رپورٹ کے مطابق مجلس شوری کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 700 ممبران نے شرکت کی جنہوں نے اپنی رائے کا آزادانہ استعمال کرکے سید علی شاہ گیلانی کے حق میں ووٹ ڈالا۔ سید علی شاہ گیلانی تحریک حریت کے چوتھی مرتبہ چیئرمین منتخب ہوئے۔

تحریک حریت نے عہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ممبران کی جانب سے حق رائے دہی کے استعمال کے بعد اتفاق رائے سے سید علی شاہ گیلانی کو تحریک حریت کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سید علی شاہ گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ حصول مقصد تک جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازع مسئلہ ہے جس کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے انتخابات کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے زہر قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات کے حوالے سے گھر گھر بائیکاٹ مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کسی بھی جماعت کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ جماعتیں الیکشن میں حصہ نہ لینے کی بات تو کر رہی ہیں لیکن بائیکاٹ مہم میں وہ اپنا تعاون فراہم نہیں کرتیں جو کہ رواں جدوجہد اور تحریک کیلئے اچھی علامت نہیں ہے۔