کراچی : پاکستان مسلم لیگ (ق)یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید فرحان علی شاہ نے بیرسٹر اویس علی شاہ کی بازیابی پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس علی شاہ اور ملک کی سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں سید فرحان علی شاہ نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی کے صاحبزادے اویس علی شاہ کا دن دہاڑے شہر کے اہم تجارتی علاقے سے اغوا ہونا سندھ حکومت کی بدترین ناکامی تھی ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اویس علی شاہ کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے اور پاک فوج نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اویس شاہ کی بازیابی کو یقینی بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اویس شاہ کی بازیابی میں سندھ حکومت نے کسی قسم کا کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے ۔ چیف جسٹس کے بیٹے کا کراچی سے خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک پہنچ جانا بھی لمحہ فکریہ ہے۔
اویس شاہ کی بازیابی کے بعد ان کے اغوا کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیے اور واقعہ میں ملوث سہولت کاروں کا بے نقاب ہونا بھی انتہائی ضروری ہے ۔فرحان علی شاہ نے اویس علی شاہ کی بازیابی پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ ،پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ کسی بھی قسم کے بحران میں ملک کی مسلح افواج عوام کے اعتماد پر پورا ترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔