کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ علویہ القادریہ کے سربراہ و سجادہ نشین درگاہ شاہ جیلانی کراچی سید خورشید الحسن شاہ جیلانی مد ظلہ العالی نے کہا ہے کہ زکوٰة کی رقم کاسب سے پہلا حق غرباء ‘مساکین و نادار رشتہ داروں کا ہے اور یہ حق انہیں ہی ملنا چاہیے نا کہ کسی مسجد یا مدرسہ کی تعمیر کے لئے دیا جائے۔
انسانیت کی اصل خدمت یتیموں ‘ غریبوں اور بھوکوں کو کھانا کھلانا اور اُن کی کفالت کرنا ہے ‘ محبت اہل بیت ہی ایمان کا لازمی جزو ہے ‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ علویہ القادریہ کے خلیفہ رضی بھائی اور عبدالرافع قادری کی رہائش گاہ پر منعقدہ محفلِ گیارہویں شریف کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس میں خلفاء کرام سید اظہر علی علوی القادری’ عبدالحفیظ علوی القادری’ نعیم علوی القادری’ جاوید علوی القادری’ صدیق علوی القادری’ انور علوی القادری ‘ سمیع خانزادہ و دیگر مریدین نے بھی شرکت کی ‘ سربراہ و سجادہ نشین سید خورشید الحسن شاہ جیلانی مد ظلہ العالی نے مزید کہا کہ اولیاء کاملین اللہ کے دوست ہیں۔
جوکہ اللہ تعالیٰ کے پیغام و تعلیمات شب و روز عام کرتے ہیں’عوامی راستے سے پتھر یا کانٹے ہٹانا بھی اللہ کو راضی رکھنے کے مترادف ہے’ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زکوٰة کا حق حقیقی حقداروں کے پاس نہیں پہنچ رہا جوکہ اللہ کو ناراض کرنے کے مترادف ہے’ انہوں نے حلقہ علویہ القادریہ کے تمام مریدین معتقدین و عقیدت مندوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ وقت خدمتِ انسانیت کے لئے وقف کریں کیوں کہ شہدائے کربلاء کی لازوال قربانیوں کے باعث دین کے ساتھ ساتھ آج انسانیت بھی انہی کی وجہ سے زندہ و جاوید ہے۔