لاہور (این ایل آئی) چیئرمین استقلال پارٹی سید منظور گیلانی نے ملک میں آئین کی بالادستی۔قانون کی حکمرانی۔عدلیہ کی آزادی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا اور اس سلسلہ میں انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کوبھی فوری طور پر پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے خط لکھ دیا سید منظور گیلانی کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط کا متن اس طرح سے ہے محترم سپیکر قومی اسمبلی اسلام علیکم امید ہے آپ بخیر ہونگے۔بلا تمہید عرض کرتا ہوں کہ پاکستان اس وقت ایک بحرانی کیفیت سے دو چار ہے ۔
اہل ہوس نے نیا جال بچھایا اور پارلیمنٹ کی بجائے سیاست اب سپریم کورٹ میں کھیلی جا رہی ہے ۔سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کے مقابل کھڑا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے جس سے پارلیمنٹ کی حیثیت اور عدلیہ کا وقار داؤ پر لگ گیا ہے ۔عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے سے آدھا ملک ہم پہلے گنوا چکے ہیں۔اس وقت ایک فوجی حکومت تھی اور کچھ سیاسی لیڈر اس کے ساتھی تھے ۔آج بھی اہل ہوس کے ساتھ چند مفاد پرست ہیں جو عوام کے حق حکمرانی کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔1958 کے بعد کبھی عیاں کبھی نہاں اہل ہوس کی حکومت رہی سوائے زولفقار علی بھٹو کے 2/3 سال اب یہ سب کسی صورت قبول نہی۔جناب سپیکر اس لمحہ نازک میں ہر زی شعور کی زمہ داری بڑھ جاتی ہے ۔میں نے ایوب خان کی فوجی آمریت سے لیکرہر قسم کے عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف جدو جہد کی۔میں نے تحریک استقلال کے کارکن کے طور پر۔پاکستان قومی اتحاد(PNA)۔MRD.پاکستان عوامی اتحاد۔PDA.PNC.اور استقلال پارٹی کے سربراہ کی حیثیت میں GDA اور ARD بعد ازاں APDM /PDF کے ساتھ کام کیا۔آجکل پاکستان عوامی محاز(15 جماعتی اتحاد)کا چیر مین ہوں۔
مجھ جیسے سیاسی درویش کے لیے یہ صورت حال بڑی تکلیف دہ ہے ۔آئین کی بالادستی۔قانون کی حکمرانی۔عدلیہ کی آزادی اور مقتدر پارلیمنٹ ہمارے منشور کا اہم حصہ ہے ۔لیکن اہل ہوس پارلیمنٹ کی مقتدرحیثیت کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔جناب والا۔پارلیمنٹ کس بھی عدالتی فیصلہ پر نا صرف بحث کر سکتی ہے بلکہ اسے کالعدم کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے ۔آپ کو سیاسی وابستگی سے بالا ترہو کر قوم کو انتشار سے بچانے کے لیے اپنی آئینی ذمہ داری نبھا نا ہو گی۔آپ سے گزارش ہے کہ پارلیمنٹ کاہنگامی اجلاس بلا کر اس بحران کا حل نکالا جاے ۔اللہ ہم سب کو استحکام عطا فرمائے ۔آمین۔