لاہور (جیوڈیسک) معروف ہدایت کار سید نور نے ایران کے اشتراک اور تعاون سے فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان فلم انڈسٹری کو کئی نامور فلمیں دینے والے ہدایت کار سید نور کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ ایرانی فلم انڈسٹری کے بہت بڑے مداح ہیں اور حال ہی میں انہیں فجر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی جانب سے بھی مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے بطور جج شرکت کی۔
سید نور نے کہا کہ میری آمد کا جب لوگوں کو پتہ چلا تو بہت سے فلمسازوں نے مجھ سے ملاقاتیں کیں بعد ازاں ایک فلمساز اور ایرانی اداکار کے ہمراہ فلم کے حوالے سے گفتگو بھی ہوئی جس کا باقائدہ اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا۔
ہدایت کار نے بتایا کہ فلم مشترکہ طور پر بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ پاکستان اور ایران میں کی جائے گی جب کہ فلم کی کچھ عکس بندی ترکی میں بھی کی جائے گی۔ فلم کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ کچھ ماہ بعد شروع کردی جائے گی۔
سید نور نے کرداروں سے متعلق بتایا کہ فلم میں ایرانی اداکار کے ہمراہ صائمہ نور مرکزی کردار ادا کریں گی۔ جب کہ فلم میں دیگر کرداروں کے لئے دونوں ممالک کے نوجوانوں فنکاروں کو شامل کیا جائے گا۔