اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ممتاز دانشور اور صحافی سید سبطین شاہ نے پاک فوج کے اعلیٰ تعلیمی ادارے ’’نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے انٹرنیشنل ریلیشنز (آئی آر) میں ماسٹرآف فلاسفی (ایم فل) کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔ دو سال کے کورس کے دوران انھوں نے پہلے ایک سال کا کورس ورک کیا اور ایشیاء پیسیفک، افغانستان، پاکستان، بھارت، چین اور دیگر ممالک کے حالات اور ان کے آپس میں تعلقات پرری سرچ پیپرز لکھے۔
ان کے اختتامی مقالے کا عنوان\”Imapct of Sectarianism on National Security of Pakistan\” (پاکستان کی قومی سلامتی پر فرقہ واریت کے اثرات) تھا۔ تقریباً دو سوصفحات پرمشتمل اس مقالے میں انھوں نے پاکستان میں فرقہ وارانہ تشددکے اسباب اوراس کے اثرات کی نشاندہی کی ہے اور پاکستان کے پالیسی ساز اداروں اوراعلیٰ حکام کے سامنے فرقہ واریت کے مسئلے کا حل اسلام اور نظریہ پاکستان اور قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں تجویز کیا ہے۔
اپنے مقالے کا انھوں نے اپنی یونیورسٹی کے پینل اور بیرونی ممتحن کے سامنے کامیابی سے دفاع کر کے اے۔گریڈ حاصل کیا۔انھوں نے کہا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ان کے والدہ محترمہ کی دعائیں، فیملی کا تعاون اور اساتذہ کی رہنمائی شامل ہے۔ ان کا کہناہے کہ ان کے مرحوم والد سید امدادحسین شاہ کی خواہش تھی کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔
سید سبطین شاہ اس سے پہلے ایم ایس سی (ماس کمنیکیشن) ڈگری کے حامل تھے اور ان کا صحافی تجربہ دو عشروں سے زائد عرصے پر محیط ہے جس میں پاکستان کے علاوہ ناروے میں صحافتی خدمات بھی شامل ہے۔وہ انگریزی، اردو، فارسی ، پشتو اور پنجابی سمیت متعدد زبانیں جانتے ہیں۔کئی ملکی اور غیرملکی خبررساں اداروں کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں اور صحافتی شعبے سے اب بھی وابستہ ہیں۔