شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) سید وارث شاہ کے 218 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا اختتام صوفی نائٹ کے انعقاد سے کیا گیاجس میں ملک کے نامور صوفی گائیکوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ڈی سی او شیخوپورہ ارقم طارق نے عرس کی تقریبات کا بہتر انعقاد کرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
تین روزہ عرس کی تقریبات میں ثقافت ، کلچر ، ورثہ اور کھیلوں کو اجاگر کیا گیا ۔ تقریبات کا اہتمام پنجاب آرٹس کونسل کے تعاون سے کیا گیا جس میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل آصف پرویز نے خصوصی شرکت کی۔
عرس کے تین دِ نوں میں تاریخ اور ثقافت کی بھر پور نمائش کے لئے مختلف اسٹال لگائے گئے جب کہ انتظامیہ نے فیملی فیسٹیول کی شکل دے کر اس میں چار چاند لگا دیئے اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پون سنگھ اروڑا کی سربراہی میں سکھ بچوں نے احاطہ دربار کے اندر تاریخی سکھ مارشل آرٹس گتکا کا بھی مظاہرہ کیا۔
تین روزہ عرس تقریبات میں لاکھوں ملکی اور غیر ملکی عقیدت مندوں نے حاضری دی اور تقریبات کی رونق کو دوبالا کیا۔ ٹولیوں کی شکل میں بیٹھے لوگ ہیر خوانی کرتے اور سنتے رہے ۔ عرس کے موقع پر ڈی سی او ارقم طارق نے مزار کو عرقِ گلاب سے غسل دیا اور چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر ڈی سی او کا کہنا تھا کہ صوفی شعراء نے لوگو ں کو امن اور بھائی چارے کا درس دیا ، قصہ ہیر رانجا کے مصنف پیر وارث شاہ نے پیار کادرس بانٹا آج کے اس پریشان کن ماحول میں ضرورت اس امر کی ہے کے ہم سب آپس میںنہ صرف پیا ر سے پیش آئیں بلکہ نفرتوں اور دہشت گردی کو ہوا دینے والوں کے ارادوں کو ناکام بنا دیں۔
زائرین کے لئے گھوڑا ناچ ، پنجابی مشائرہ ، رسہ کشی ، کراٹے، گتکا ، آل پاکستان مقابلہ ہیر گوئی، کبڈی میچ اور صوفی نائٹ جیسے پروگراموں کا اہتمام بھی کی گیا۔جبکہ اس موقع پر سید وارث شاہ کے علاوہ دوسرے صوفیاء اکرام کے کلام بھی سنائے گئے جن کی حاضرین نے خوب داد دی۔