حضور سیدنا غوث الاعظم جیلانی قیامت تک آنیوالے تمام فقراء کے سردار ہیں: صوفی مسعود احمد صدیقی

Sufi Masood Ahmad Siddiqui

Sufi Masood Ahmad Siddiqui

فیصل آباد: امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار کی صدارت میں لاثانی سیکرٹریٹ پر عظیم الشان محفل ذکرونعت بسلسلہ عرس مبارک ”محبوب سبحانی حضور سیدناغوث الاعظم جیلانی ”منعقد ہوئی۔ صدیقی لاثانی سرکار کی تشریف آوری کیساتھ ہی پوری محفل اللہ کے ذکر سے گونج اٹھی، ذکر خدا کے بعد ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوا اور بزرگان دین بالخصوص سیدنا غوث الاعظم کی شان مبارک میں مناقب پیش کی گئیں۔صاحبزادہ شبیر احمد نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اورمناقب غوث الاعظم جب پڑھیں تو محفل پاک میں ایک سماںبندھ گیا اورشرکائے محفل پرروحانی وجدانہ کیفیات طاری ہوگئیں۔ محمد اکمل نقشبندی ،محمد فراز نقشبندی اورمحمد رمضان نقشبندی (نقیب محفل) سمیت دیگر ثناء خوانوں نے بھی اپنے اپنے اندا زمیں کلام پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔

اس موقع پر صدیقی لاثانی سرکار نے حضور سیدنا غوث الاعظم جیلانی کے پاکیزہ سیرت وکردارکے حوالے سے کہا کہ آپ قیامت تک آنیوالے تمام فقراء اور اولیاء اللہ کے سردار ہیں۔آپ کی ایک نگاہ سے مردے زندہ ہوجاتے، لاعلاج مریضوں کو شفایابی ہوجاتی ،جہنمی جنتی ہوجاتے اور چور مقام قطبیت پر فائز ہو جاتے۔ تمام سلاسل طریقت کے مشائخ حضو رسیدنا غوث الاعظم جیلانی کی منظوری سے ہی اللہ ورسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں بلند ترین مقامات پر فائز ہوتے ہیں کیونکہ اللہ ورسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کوایسا نوازاہے کہ قیامت تک آنیوالے کسی بھی فقیر یاولی اللہ کو وہ مقام ومرتبہ نصیب نہیں ہوسکتا۔

فروغ اسلام کیلئے آپ کی گرانقدر خدمات فقراء اولیاء اللہ اور راہ حق کے سالکین کیلئے مشعل راہ ہیں کیونکہ آپ تمام انبیاء کرام بالخصوص حضور نبی کریم روف الرحیم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی اورسچے وار ث ہیں۔محفل پاک کے اختتام پر ختم خواجگان پڑھا گیا اور آپ کے ایصال ثواب اور ملک وملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔شرکائے محفل کیلئے لنگر شریف کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔