کراچی : پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی نا اہلی کیوجہ سے مہنگائی نے گزشتہ حکومتوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں چینی سو روپے کلو، پٹرول سوروپے لٹر فروخت ہورہی ہے جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ اور خوردونوش بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں وزیراعظم فوری طور پر استعفیٰ دیں اور نئے انتخابات کروائے جائیں ، موجود ہ مشکلات اور مسائل کا حل ان ہاءوس تبدیلی نہیں بلکہ نئے انتخابات ہیں ،عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پور ا نہیں کیا گیا اور صوبہ سندھ کی عوام کے ساتھ تو سوتیلی ماں سے بھی زیادہ بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ہاءوس کراچی سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری نے کہا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ کرکٹ یا کسی بھی کھیل کا کھیلاڑی ملکی امور نہیں چلا سکتایہ کام سیاست دانوں کے ہیں اور اس وقت قوم کے ساتھ مخلص انسان صرف اور صرف میاں نوازشریف ہیں اور پاکستان کو اس وقت میاں نوازشریف کی اشد ضرورت ہے اور وطن واپس آکر پاکستان کی سیاست میں موثر کردار اداکریں گے ان پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹ ثابت ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں میاں شہباز شریف اور مریم نواز پر لگائے تمام الزامات بے بنیاد ہیں یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا ہے ماضی میں بھی مسلم لیگ کی قیادت پر الزامات لگتے رہے ہیں اور بعد میں جھوٹ ثابت ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک جن بحرانوں کا شکار ہے اس کی وجہ وفاقی حکومت کی ناقص کارکردگی اور نا اہلی ہے ،حکمران جواب دیں کہ آخر کب تک گزشتہ حکومتوں کو الزام دے کر اپنی نا اہلی کو چھپانے کی ناکام کوشش کرتے رہیں گے اور معصوم عوام کو بے وقوف بناتے رہیں گے۔