قاہرہ (جیوڈیسک) عرب لیگ نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے دمشق حکومت کیخلاف سخت ترین اقدامات پر زور دیا ہے۔ ادھر امریکا نے پانچویں بحری جنگی بیڑے کے بعد ایمفیبیس شپ بھی بحیرہ روم روانہ کر دیا۔ قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت شام کے معاملے میں اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔
مبینہ کیمیائی حملے کی ذمے دارشام کی حکومت کیخلاف سخت ترین اور ضروری اقدامات کیے جائیں اورکیمیائی حملے کے مرتکب افراد پر جنگی جرائم کے مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔ اس سے پہلے عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ سعودالفیصل کا کہنا تھا کہ شام کے عوام نے امریکی حملے کی حمایت کی توسعودی عرب ان کیساتھ ہوگا۔ شامی اپوزیشن اتحاد کے سربراہ احمدالجربہ نے بھی عالمی برادی سے اپیل کی کہ وہ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کیخلاف کارروائی کریں۔
ادھر امریکا نے پانچویں بحری جنگی بیڑے کے بعدپانی اور خشکی میں چلنے والا ایمفیبیس شپ بھی بحیرہ روم روانہ کر دیا۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایک دفاعی عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنیکی شرط پر بتایا کہ ایمفیبیس شپ پر کئی ہیلی کاپٹرز اور سیکڑوں میرینزسوارہیں جبکہ دیگر بحری بیڑوں پر کروز میزائل موجود ہیں جو صدر اوباما کے حکم کے منتظر ہیں۔دوسری جانب روحابیہ اور دمشق کے نواح میں فوج کے حملے میں بچوں سمیت بارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ درامیں کاربم دھماکے میں خاتون اور دوبچے جان سے گئے۔