شام نے معاہدے کو اپنی فتح قرار دے دیا

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) روس اور امریکا کے معاہدے کے باوجود مختلف علاقوں میں شامی فوج کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شامی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ بشارالاسد حکومت شہروں پر بمباری کرکے لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار رہی ہے۔ عالمی برادری اسے فضائی حملوں سے روکے اور کیمیائی ہتھیاروں کی طرح بلیسٹک میزائل کے استعمال پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں۔

دوسری جانب شامی حکومت نے روس امریکا معاہدے کو اپنی فتح قرار دیا ہے۔ شامی وزیر برائے قومی مفاہمت علی حیدر کا کہنا ہے معاہدہ شامی عوام کو بحران سے نکالنے میں مفید ثابت ہو گا۔ اسرائیل نے بھی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ امید ہے معاہدے سے شامی کیمیائی ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ ہو سکے گا۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ وہ شام کے مسئلے کا سفارتی حل چاہتے ہیں۔ جان کیری کا کہنا تھا امریکا شام کی اپوزیشن اتحاد کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا اگر شام نے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو فوجی کارروائی کا آپشن موجود ہے۔