شام: حلب کے مضافاتی علاقوں پر بمباری، بچوں سمیت 53 افراد ہلاک

Syria Bombing

Syria Bombing

شام (جیوڈیسک) گزشتہ روز ملک کے شمالی علاقے الاتارب میں جنگی طیاروں نے ایک بازار اور اس سے متصل محلے پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 53 عام شہری مارے گئے۔

خبر کے مطابق یہ تازہ قتل عام شامی حزب اختلاف کے زیرکنٹرول علاقے الاتارب میں کیا گیا جس میں درجنوں افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں ہے۔

قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ الاتارب قصبے میں اسد نواز یا روسی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں پانچ کمسن بچوں سمیت 29 شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ جنگی طیاروں کی وحشیانہ بم باری کے نتیجے میں الاتارب کے بازار اور اس سے متصل محلوں میں کئی مکانات زمین بوس ہوگئے ہیں اور کئی شہری ملبے تلے دب چکے ہیں۔

جنگی جہازوں کی بمباری سے بازار کا بیشتر حصہ صفحہ ہستی سے مٹ چکا ہے۔

امدادی کارکنان کو ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتالوں میں پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔