دمشق (جیوڈیسک) شام میں خانہ جنگی کے بعد شمالی شہر حلب سے 40 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام میں حکومت اور جنگجوؤں کے درمیان جنگ بندی کے بعد ایک مرتبہ پھر کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث شمالی شہر حلب سے 40 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے افسر کے مطابق شام میں اٹھنے والی تشدد کی نئی لہر کے بعد لوگ سرحدی علاقے اعزاز، باب السلام اور سجو میں قائم مہاجرین کیمپ کا رخ کر رہے ہیں جب کہ اس سے قبل جنوری اور فروری میں تشدد کے واقعات کے بعد 75 ہزار سے زائد متاثرہ افراد نے سرحدی علاقے اعزاز میں پناہ لی تھی۔
اقوام متحدہ نے حالیہ تشدد کی لہر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے مہاجرین کیمپ کی سربراہ ایرن رومیری کا کہنا ہے کہ شام کے شمالی حصوں میں حکومتی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ایک مرتبہ پھر جھڑپ کے اثرات عام افراد پر پڑ رہے ہیں۔