شام میں امریکی جنگی طیاروں کی فضائی کارروائی، 120 سے زائد جنگجو ہلاک

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) شام میں سرگرم جنگجو تنظیم داعش کے خلاف پہلی امریکی فضائی کارروائی کے دوران داعش کے کم از کم 70 جنگجوؤں سمیت 120 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔

امریکا کے جنگی طیاروں نے شام کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 70 سے زائد داعش جنگجو اور تقریبا 50 القاعدہ ارکان ہلاک ہوگئے، شام میں برطانوی انسانی حقوق کے معائنہ کاروں کے مطابق شمالی صوبے الیپو میں فضائی حملے میں 3 بچوں سمیت 8 عام شہری بھی ہلاک جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے جس میں سے تقریباً 100 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب بحرین کا کہنا ہے کہ اس کے جیٹ طیاروں نے بھی داعش کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں حصہ لیا، وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بحرین کی ایئر فورس نے خلیج تعاون کونسل اور دیگر اتحادی ممالک کی فضائیہ کے ساتھ مل کر شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور قیام امن کے لئے عالمی کوششوں کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش کے خلاف امریکا کی جانب سے بھرپور فضائی کارروائی کے بعد اب شام کو ہدف بنایا گیا ہے جس میں اسے اتحادی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔