سینٹ پیٹرس برگ (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے خبردار کیا ہے کہ شام پر حملے سے ملک میں فرقہ وارانہ تشدد بڑھ سکتا ہے۔ سینٹ پیٹرس برگ میں جاری جی20 کے اجلاس کے دوسرے روز اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون کا کہنا تھا کہ حملے سے اس ملک میں فرقہ وارانہ تشدد بڑھے گا جو پہلے ہی تاریخ کے بد ترین انسانی بحران کا شکار ہے۔
انہوں نے عالمی رہنماوں سے کہا ہے کہ وہ شام کے مسئلے پر اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر عوام کی ٹھوس بنیادوں پر مدد کریں۔ بان کی مون نے خبردار کیا کہ شام پر حملے کے سنگین اور المناک نتائج سامنے آئیں گے۔ عسکری حملے کے بجائے شام کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کیا جائے۔ جی 20 کانفرنس کی سائیڈ لائن میں امریکی صدر اوباما نے آج اپنے چینی ہم منصب، زی جن پنگ سے ملاقات کی۔
جی20 کے دوسرے سیشن سے پہلے ہونے والی اس ملاقات میں۔ اوباما کا کہنا تھا کہ انہوں نے چینی ہم منصب سے معیشت میں ترقی سے لے کر شمالی کوریا کے جوہری معاملات پر بھی بات چیت کی۔ صدر اوباما شام پر فوجی حملے کی حمایت کی تلاش میں ہیں جبکہ چین نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گا۔