دمشق (جیوڈیسک) شامی صوبہ ادلب کے پہاڑی علاقے جیل انراویہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری، کلینک میں ایندھن کی ٹینکی پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ 45 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کمیشلی میں کلینک میں حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہے۔
داعش نے شام کے شہر تدمریہ پر قبضے کے چند ایام بعد تاریخی فوجی جیل کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔ 28 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبہ انہار میں فضائی حملے سے داعش فلمساز اور فوٹو گرافر بھی مرنے والوں میں شامل۔ ان کے نام ابوسمرہ اور ابواسامہ الامریکی ہیں۔ ابو محمد السوری المعروف ابو سمرہ جو داعش کے ہاں قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارے جانے کے واقعات کو فلماتا رہا ہے بھی مارا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فضائی حملے میں ابو اسامہ الامریکی نامی جنگجو جو تنظیم میں دستاویزی فلموں کا فوٹو گرافرتھا بھی ہلاک ہوا۔ دیگر جنگجوﺅں میں ابو حار الشامی، بم سازی کاماہر ابو عائشہ الانصاری، ابو سیف الجزراوی، داعش کے محکمہ زکوات کا انچارج ابو حسین السلیمانی اور خود بمباروں کے امور کا نگران عبدالطلیف جمعہ المحمدی شامل ہیں۔