شام کے کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق سلامتی کونسل میں نئی قرار داد منظور

United Nations

United Nations

اقوام متحدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے کیمیائی ہتھیار تلف کرنے سے متعلق قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ سلامتی کونسل میں رائے شماری کے دوران تمام پندرہ ارکان نے قرار داد کے حق میں ووٹ دیئے۔ مارچ 2011 میں شام کا تنازع شروع ہونے کے بعد منظور کی گئی یہ پہلی قرار داد ہے۔

جس کے تحت آئندہ سال جون تک شام کے ایک ہزار ٹن کیمیائی ہتھیار تلف کئے جائیں گے۔ کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے عالمی ادارے او پی سی ڈبلیو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کی ایڈوانس ٹیم آئندہ ہفتے شام پہنچ جائے گی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اگر شام نے قرارداد پر عمل نہ کیا تو اس کے خلاف اقوام متحدہ کے منشور میں درج چیپٹر سات کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ تاہم اس کے لئے سلامتی کونسل میں ایک اور قرار داد کی منظوری ضروری ہوگی۔ چیپٹر سات فوجی اور غیر فوجی کارروائی کی اجازت دیتا ہے۔